راجوری //پولیس نے پاکستان مخالف احتجاج کرنے کی اپیل والے پوسٹر برآمدہونے پرتحقیقات شروع کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان پوسٹروں کے ذریعہ راجوری پونچھ کے لوگوںسے اپیل کی گئی تھی کہ وہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کے خلاف احتجاج کریں ۔ذرائع نے بتایاکہ بدھ کی صبح یونائٹیڈ جموںوکشمیر فورم نامی تنظیم کی طرف سے راجوری کے مختلف مقامات پر چسپاں کئے گئے تھے جن کے ذریعہ راجوری پونچھ کے لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ پاکستان کے خلاف احتجاج کریں ۔ان پوسٹروں میںلکھاگیاہے کہ وہ پاکستان کی طرف سے گلگت بلتستان کو اپناصوبہ بنانے کی مخالفت کرتے ہیں۔اس سلسلے میں احتجاجی کلینڈر بھی جاری کیاگیاہے جس کے مطابق 21اپریل کو پاکستان کے خلاف احتجاج کیاجائے گا اور جبکہ 26اپریل کو یو این او دفتر سرینگر کی طرف مارچ کیاجائے گااور وہاں اقوام متحدہ سیکریٹری کے نام میمورنڈم بھی پیش کیاجائے گا۔اس کے علاوہ لوگوں سے کہاگیاہے کہ وہ پاکستانی ہائی کمشنر کو خط لکھ کر اپنے تشویش سے آگاہ کریں ۔اس پوسٹر میں یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ تمام لوگ اس پیغام کو وٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعہ سے مشتہر کریں ۔پوسٹر ملتے ہی راجوری پولیس حرکت میں آگئی اور اس نے اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ایس ایس پی راجوری سلیمان چوہدری نے بتایاکہ پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے ۔اطلاعات ہیں کہ ایسے ہی پوسٹر پونچھ ضلع میں بھی چسپاں کئے گئے ہیں ۔