مینڈھر //ضلع اور خاص کر مینڈھر علاقے میں پانی کے بحران کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ پونچھ نے چند کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو پانی کی سپلائی سکیموں کا معائنہ کریںگی ۔ ان کمیٹیوں میں سیول و پولیس انتظامیہ کے افسران شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی طرف سے اس سلسلے میں جاری ہوئے حکمنامے کے مطابق ضلع میں پانی کی سکیموں کی نگرانی روزانہ کی بنیاد پر ہوگی جس کیلئے تین اسمبلی حلقوں میں تین کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔حکمنامہ کے مطابق پونچھ حویلی حلقہ کی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈی سی کریںگے جبکہ ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ ، اے ای ای ، اے ای ، جونیئر انجینئران اس کے ممبران ہوںگے ۔ اسی طرح سے ایس ڈی ایم مینڈھر کی سربراہی والی کمیٹی میں ایس ڈی پی او مینڈھر ، اے ای ای ، اے ای ، جے ایز ممبران ہوںگے ۔اسی طرز پر سرنکوٹ کی کمیٹی کی نگرانی ایس ڈی ایم کریںگے جبکہ اے ای ای ، اے ای ، جے ایز اس کے ممبران ہوںگے ۔ان کمیٹیوں کی روزانہ چار بجے میٹنگیں ہونگی جس دوران اپنے اپنے علاقے میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گااورپھرا س کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ضلع انتظامیہ کو پیش کی جائے گی ۔دریں اثناء مینڈھر حلقہ کی کمیٹی نے ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان کی قیادت میں منکوٹ کادورہ کرکے پمپنگ اسٹیشنوں کا معائنہ کیا۔ا ن کے ہمراہ ایس ڈی پی او ریاض تانترے اور تحصیلدار منکوٹ صغیر چوہدری و دیگر افسران بھی تھے۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے کہاکہ جہاں پانی ہے وہاں اس کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ ناکارہ پڑی سکیموں کو کارگر بنایاجائے گا۔