مینڈھر //مینڈھر میں پانی کی ہاہاکار پر گوہلد او رگردونواح کے لوگوں نے مین چوک مینڈھر میں احتجاجی دھرنادیا جس دوران گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ۔ دھرنے میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس احتجاج کی قیادت آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی رکن پروین سرور خان کررہی تھیں۔اس موقعہ پر محکمہ پی ایچ ای کے خلا ف زور دار نعرے بازی کی گئی اور مظاہرین نے الزام عائد کیاکہ ملازمین کی طرف سے انتہائی درجہ کی غفلت برتی جارہی ہے ۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ڈی ایم اور تحصیلدار مینڈھر موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے یقین دلایاکہ پانی کی سپلائی کا مسئلہ حل کیاجائے گا۔ اس موقعہ پر مظاہرین نے شکایت کی کہ مین لائن سے سیاسی اثرورسوخ رکھنے والوں کو کنکشن دیئے گئے جس کی وجہ سے پانی کی سپلائی بند ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر سپلائی میں معقولیت لائی جائے تو یہ مسئلہ درپیش نہیں رہے گا۔ ان کاکہناتھاکہ عام لوگوں کو ایک پائپ بھی نہیں ملتی لیکن سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے لوگوں کو ڈیڑھ سو پائپ دی گئی ہے جو نہ جانے کہاںسے آئیں۔انہوںنے کہاکہ فوری طور پر غیر قانونی کنکشن منقطع کئے جائیں ۔مظاہرین نے کہاکہ ایسے وقت میں کنکشن لگائے گئے ہیں جب پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور بحرانی صورتحال کاسامناہے ۔انہوںنے اے ای ای مینڈھر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کی غفلت سے تمام سکیمیں ناکارہ بنادی گئی ہیں لہٰذا انہیں فوری طور پر تبدیل کیاجائے اور غیر قانونی کنکشن لگانے والے ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے یقین دلایاکہ وہ موقعہ کا ملاحظہ کرکے ضروری اقدامات کریںگے جس پر مظاہرین منتشر ہوئے اور گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی گئی ۔