جموں//گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے سول سیکرٹریٹ جموں میں صحت ، آبپاشی وفلڈ کنٹرول محکموں کے کام کاج کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔اُنہوں نے پینے کے پانی کی سپلائی اور مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کے علاوہ توی بیراج پروجیکٹ کے کام کا بھی جائزہ لیا ۔میٹنگ میں محکمہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر شرما نے ریاست میں پانی کی قلت کو دورکرنے کے لئے مختلف سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے اور ان کی تکمیل کے لئے ڈیڈلائن مقرر کرنے اور ہر ایک سکیم کے حوالے سے بار چارٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔مشیر کو نیشنل رورل ڈرنکنگ واٹر پروگرام ، رورل واٹر سپلائی سکیموں اور دیگر زیر اِلتوا پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیشنل رورل ڈرنکنگ واٹر پروگرام کے تحت مرکزی سرکار 90فیصد فنڈنگ کر رہی ہے اور ریاست کی 9292 آبادیاں پینے کا صاف پانی حاصل کر رہی ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے کے آئی ڈی ایف سی کے تحت جموں میں 276جبکہ کشمیر میں 283سکیموں کو منظور ی دی گئی ۔ صلاح کار نے اس سکیموں کی بروقت تکمیل کے احکامات دئیے۔انہوں نے کئی دیگر واٹر سپلائی سکیموں کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا ۔میٹنگ میں آبپاشی و فلڈکنٹرول محکمہ کے بڑے پروجیکٹوں کی بھی تفصیلی پیش رفت بیان کی گئی ۔توی بیراج پروجیکٹ کے جائزے کے دوران صلاح کار کو بتایا گیا کہ مختص 69.70 کروڑ روپے میں سے ابھی تک 58.18 کروڑ روپے خرچ کر کے 86فیصد کام مارچ 2018 ء تک مکمل کیا گیا ہے۔صلاح کا ر نے متعلقین کو کام کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ریاست بھر میں پانی سپلائی میں معقولیت لانے کے لئے جامع منصوبہ تشکیل دینے اور ٹیوب ویلوں اور لیبارٹریوں کے کام کا ج کو بہتر بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کوبروئے کار لانے کی ہدایت دی۔اس سے قبل محکمہ کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے تفصیلی پرزنٹیشن کے ذریعے محکموں کے کام کاج ، حصولیابیوں اور اہداف کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایاکہ محکمہ عوام کو پینے کے صاف پانی سمیت آبپاشی کے لئے پانی فراہم کرنے کے لئے تن دہی سے کام کررہا ہے اور جان و مال کے تحفظ کے لئے انسداد سیلاب سے متعلق متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔