سکینہ ایتو کی اراکین سے ملاقات،منصبوبوں سے آگاہ کیا
سرینگر//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کل سری نگر پہنچنے والی پارلیمنٹری سٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم کے دورہ کرنے والے اَرکان سے ملاقات کی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر میں تعلیمی شعبے کے معیار، رَسائی اور شمولیت کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے اْٹھائے گئے اَقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ اْنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت قومی تعلیمی ترجیحات اور عالمی معیارات کے مطابق ایک مضبوط تعلیمی ماحولیاتی نظام بنانے پر مرکوز ہے۔ سکینہ اِیتو نے تعلیمی ڈھانچے کو بہتر بنانے، تحقیق و اِختراع کو فروغ دینے، اَساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے پروگراموں کو مضبوط بنانے اور سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ڈیجیٹل تعلیم کی سہولیات کو وسعت دینے کے لئے کی جانے والی اہم اِصلاحات کو اْجاگر کیا۔
اْنہوں نے کمیٹی کو بتایاکہ سکولوں اور کالجوں کی جدید بنانے، صنعت پر مبنی کورسز متعارف کرنے اور طلباء میں روزگار کے مواقع کو بہتر بنانے کے لئے ہنر پر مبنی تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔وزیر موصوفہ نے تعلیم تک مساوی رَسائی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ْدور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلبا کے لئے سکالر شپ سکیموں، بہتر سہولیات اور رابطے کے نظام کو مضبوط بنانے کے ذریعے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔پارلیمنٹری سٹینڈنگ کمیٹی کے اَرکان نے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں حاصل کی گئی پیش رفت کو سراہا اور چیلنجوں، مواقع اور تعلیمی ترقی کے لئے مستقبل کی حکمت عملیوں پر تفصیلی غورو خوض کیا۔ بات چیت میں تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے، اِختراع پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی حکمرانی کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔سکینہ اِیتو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت تعلیمی برتری کے فروغ، اِختراع کی حوصلہ اَفزائی اور ایک ایسا سیکھنے والا مرکزساز ماحول پیدا کرنے کے لئے پْرعزم ہے جو نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور جموں و کشمیر کی سماجی و اِقتصادی ترقی میں اہم کردار اَدا کرے گا۔