جموں//راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف و سابق ریاستی وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد آج سے کانگریس کے امیدواروں کیلئے چناوی مہم شروع کریں گے ۔وہ صبح 10بج کر 05منٹ پر جموں ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے وہ راجوری پونچھ کے دورے پر روانہ ہوجائیں گے ۔آزاد کو راجوری میں کوٹرنکہ اور نوشہرہ لام جبکہ پونچھ میں لسانہ کے مقام پر جلسوں سے خطاب کرناہے ۔راجوری پونچھ کے دورے کے بعد 2اپریل کی شام آزاد کشمیر کیلئے روانہ ہوجائیںگے اور 3اپریل کو انہیں لولاب کپواڑہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرناہے ۔ موصوف اسی روز بذریعہ چاپر واپس پونچھ چلے جائیں گے اور وہاں جلسہ سے خطاب کے بعد انہیں منجاکوٹ راجوری میں بھی عوامی اجتماع میں شامل ہوناہے ۔وہ منجاکوٹ سے واپس جموں پہنچیں گے اور پھر 4اپریل کو انہیں ڈوڈہ ، نیل ٹاپ ، رام بن، کھڑی ، رام بن ، سنگڑی، ریاسی ، گول اور کھوڑ باہو جموں میں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرناہے ۔5اپریل آزاد کا ریاست میں مہم کیلئے آخری دن ہوگا جس دوران انہیں چھاترو، کشتواڑ، دچھن، کشتواڑ، نیوہ پوچھی ، مڑواہ،پاڈر، نالی ،اندروال میں کانگریس امیدواروں کے حق میں مہم چلانی ہے ۔آزاد کے ہمراہ کانگریس کے کئی دیگرسینئر لیڈران بھی ہوں گے ۔واضح رہے کہ فروری کے مہینے میں کانگریس صدر راہل گاندھی کی طرف سے ریاست کیلئے انتخابات کی خاطر کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کا سربراہ آزاد کو بنایاگیا۔