یو این آئی
پلے کیلے /کوسل مینڈس 61، پون رتنائیکے 60اور کپتان داسن شناکا 50کی آتشیں نصف سنچری اننگز کے بعد گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے جمعرات کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے 16ویں مقابلے میں عمان کو 105 رنوں سے کراری شکست دی۔ دو سو چھبیس رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب میں اتری عمان کے بلے باز سری لنکن گیند بازی کے آگے ٹک نہیں سکے اور لگاتار وکٹ گنواتے رہے ۔ عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ پر 120 رن ہی بنا سکی اور 105 رنوں سے مقابلہ ہار گئی۔ وسیم علی نے 20 گیندوں میں تین چھکے لگاتے ہوئے 27 رن بنائے ۔ وہیں محمد ندیم آخر تک جمے رہے اور انہوں نے 56 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 53 رنوں کی اننگز کھیلی۔ بقیہ بلے باز دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے ۔سری لنکا کے لیے دشمنت چمیرا اور مہیش تکشنا نے دو دو وکٹ لیے ۔
دونیت ویلالگے ، دوشن ہیمنتھا اور کامنڈو مینڈس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔آج یہاں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ لیا۔ بلے بازی کرنے اتری سری لنکا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 42 کے اسکور تک اپنے دو وکٹ گنوا دیے ۔ کامل مشارا (آٹھ) اور پتھم نسانکا (13) رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد کوسل مینڈس اور پون رتنائیکے کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی کے ساتھ رن بھی حاصل کئے ۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 94رنوں کی شراکت داری ہوئی۔چودھویں اوور میں جیتن رامانندی نے پون رتنائیکے کو بولڈ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ پون رتنائیکے نے 28گیندوں میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 60 رن بنائے ۔ پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے شناکا نے آتشیں بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوسل مینڈس کے ساتھ 63 رن جوڑے ۔ 19ویں اوور میں جیتن رامانندی نے شناکا کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ شناکا نے 20 گیندوں میں دو چوکے اور پانچ چھکے اڑاتے ہوئے 50 رن بنائے ۔ اسی اوور کی دوسری گیند پر کوسل مینڈس رن آؤٹ ہوئے ۔ کوسل مینڈس نے 45 گیندوں میں سات چوکے لگاتے ہوئے 61 رنوں کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اووروں میں پانچ وکٹ پر 225 رنوں کا بڑا اسکور بنایا۔ کامنڈو مینڈس سات گیندوں میں 19 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔عمان کے لیے جیتن رامانندی نے دو وکٹ لیے۔ جے اوڈیڈرا اور سفیان محمود نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔