ڈھاکہ/یو این آئی/ہندوستان اور سری لنکا میں سات فروری سے شروع ہونے والے ٹی-20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی شرکت سے متعلق بات چیت کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایک نمائندہ وفد بنگلہ دیش کا دورہ کر سکتا ہے ۔دی ڈیلی اسٹار کے مطابق، کھیلوں کے مشیر آصف نزرل نے کہا ہے کہ بی سی بی صدر امین الاسلام بلبل نے آئی سی سی وفد کی ممکنہ آمد سے آگاہ کیا ہے ۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش ورلڈ کپ میں کھیلنے کا خواہشمند ہے ، خاص طور پر سری لنکا میں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ آئی سی سی کے ساتھ بات چیت جاری ہے ، تاہم دورے کی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے موقف پر نظرثانی کی اپیل کے باوجود بی سی بی سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے فیصلے پر قائم ہے ، تاہم دونوں فریق ممکنہ حل پر مذاکرات جاری رکھنے پر متفق ہیں۔