ولنگٹن/آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم ایک بڑے بحران کا شکار ہوگئی ہے ۔ ٹیم کے اہم ترین ہتھیار اور برق رفتار فاسٹ بولر ایڈم ملنے ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جس نے کیوی ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کے خوابوں کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے ۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے دوران پیش آنے والا یہ حادثہ ملنے کے لیے ٹورنامنٹ کے دروازے بند کر گیا ہے ۔ تاہم، سلیکٹرز نے فوری طور پر تجربہ کار فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کائل جیمیسن کو ان کے متبادل کے طور پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہیڈ کوچ روب والٹر نے جہاں ملنے کی محرومی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ، وہی جیمیسن کی شمولیت کو ٹیم کے لیے ایک تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا ہے ۔