یو این آئی
دبئی/انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے لئے کوالیفائنگ پوزیشنز واضح کر دی ہیں، جس کے تحت بنگلہ دیش، افغانستان اور آئرلینڈ کی براہِ راست شرکت یقینی ہو گئی ہے ۔ اس اعلان کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی شرکت کے حوالے سے کرکٹ حلقوں میں جاری قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے ۔آئی سی سی کے قوانین کے مطابق، 20 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں براہِ راست شرکت کرتی ہیں۔ ان میں میزبان ممالک (آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ) اور جاری ورلڈ کپ 2026 کے ‘سپر ایٹ’ مرحلے تک پہنچنے والی ٹیمیں شامل ہیں۔ بقیہ نشستیں 9 مارچ 2026 تک کی آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ کی بنیاد پر پُر کی جانی تھیں۔بنگلہ دیش، جو اس وقت عالمی رینکنگ میں 9ویں نمبر پر ہے ، رینکنگ کی بنیاد پر اپنی جگہ پکی کرنے میں کامیاب رہا۔ بنگلہ دیش کے ساتھ ساتھ افغانستان اور آئرلینڈ نے بھی اسی راستے سے اپنی شرکت یقینی بنائی ہے ۔افغانستان دسویں نمبر پر براجمان۔
آئرلینڈ بارہویں پوزیشن پر برقرار ہے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش نے ہندوستان اور سری لنکا میں جاری 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دستبرداری اختیار کر لی تھی، جس کی وجہ سے ان کی 2028 کے ایونٹ میں شرکت پر سوالات اٹھ رہے تھے ۔ تاہم، آئی سی سی کی حالیہ درجہ بندی میں مستحکم پوزیشن نے ‘ٹائیگرز’ کے لیے واپسی کا راستہ صاف کر دیا ہے ۔براہِ راست کوالیفیکیشن کی اس خبر سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی ) کو اپنی ٹیم کی ازسرِ نو تشکیل اور طویل مدتی منصوبہ بندی کا موقع ملے گا۔ جہاں ایک طرف رواں برس ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا دکھ ہے ، وہیں 2028 کے لیے جگہ کا حصول بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے ایک بڑی راحت ثابت ہوا ہے ۔اس ٹورنامنٹ کے لیے بنگلہ دیش کو اب کسی علاقائی کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔آئی سی سی کے طریقہ کار کے مطابق، 9 مارچ 2026 (موجودہ ورلڈ کپ کے فائنل کے اگلے دن) کی رینکنگ کی بنیاد پر 12 ٹیموں کا انتخاب ہونا تھا۔ چونکہ کٹ آف تاریخ سے قبل بنگلہ دیش کا کوئی بین الاقوامی میچ شیڈول نہیں ہے ، اس لیے ان کی موجودہ پوزیشن برقرار رہنا یقینی ہے ۔