کرناہ // ٹنگڈار جنگلات کے کمپارٹمنٹ نمبر 34میں گذشتہ دو روز سے جاری آگ کی وجہ سے سرسبز درختان آگ کی لپیٹ میں ہیں اور آگ کے شعلے اس قدر شدید ہیں کہ محکمہ کا عملہ بھی آگ بجھانے میں ناکام ہے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ کرناہ کے کمپارٹمنٹ نمبر 34میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ اس دوران بتایا جاتا ہے کہ آگ اس قدر شدید ہے کہ اس کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ محکمہ کا عملہ آگ بجھانے کے کام میں لگا ہوا ہے ۔محکمہ کے اہلکاروں کے مطابق خشک موسم اور تیز ہوا چلنے کی وجہ سے آگ بجھانے میں دقتیں پیش آرہی ہیں تاہم اس کے باوجود بھی محکمہ آگ بجھانے کے کام میں لگا ہوا ہے ۔رینج افسر کرناہ شمس الرحمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار کو بعد دوپہر قریب اڑھائی بجے کمپارٹمنٹ نمبر 34میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے جنگل کو اپنی لیٹ میں لے لیا ۔انہوں نے کہا کہ آگ کی واردات کی خبر ملتے ہی ،محکمہ کے اہلکار موقعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کوشش پچھلے 24گھنٹوں سے جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں خود جنگل میں ہی موجود ہوں جہاں آگ بجھانے کی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں ۔اس دوران مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرآگ پر قابو نہ پایا گیا تو سرسبز جنگلات کو کافی نقصان ہو سکتا ہے ۔لوگوں نے محکمہ جنگلات سمیت انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات میں آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی انجام دی جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے ۔