سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل علی الصبح جموں و کشمیر کے6اضلاع میں 8 مقامات پر چھاپے مارے۔این آئی اے بیان کے مطابق بٹھنڈی جموں میں بارودی سرنگ بر آمدگی کیس کے سلسلے میں منگل کو تحقیقاتی ایجنسی نے جموں کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مدد سے اننت ناگ، بارہمولہ، کولگام، سرینگر، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں 8 مقامات پر تلاشیاں لیں۔اس کیس سے متعلق ایف آئی آر باہو فورٹ پولیس تھانے میں زیر نمبر 234/2021 درج کیا گیا ہے۔بٹھنڈی میں لشکر طیبہ جنگجو کے قبضے سے 5کلو بارودی سرنگ بر آمد کی گئی تھی جو جموں میں دھماکہ کرانے کی غرض سے بنائی گئی تھی۔این آئی اے نے اس معاملے میں پہلے ہی 3افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
این آئی اے نے لسجن میں باپ بیٹے کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا جبکہ ان چھاپوں کے دوران کئی موبائل فون اوردیگر چیزوں کو ضبط کیاگیا۔لسجن میں محمد شفیع وانی اور اس کے بیٹے رئیس احمد کی رہائش گاہوں پر منگل کی صبح چھاپے مارے گئے اور دونوں باپ بیٹے کے موبائل فونز ضبط کئے گئے اور بعد میں دونوں کو پوچھ تاچھ کیلئے پولیس اسٹیشن پانتہ چھوک لیاگیا۔ تحقیقاتی ایجنسی کی ایک اورٹیم نے ضلع کولگام میں وسیم احمد ڈار ولد نذیر احمد ڈار ساکن لارم گنجی پورہ کے مکان پر چھاپہ مارا ۔
اننت ناگ میں ایک منتخب پنچ بشیر احمد پڈر ولد غلام محمد پڈر ساکن بامو سدی وار اور شاکر احمد بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن ناؤ پورہ ڈورو کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ایک ٹیم نے ضلع بارہمولہ کے زنڈفرن شیری علاقے میں غلام محی الدین وانی ولد مرحوم غلام محمد وانی، جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ محکمہ سری کلچر میں بحیثیت ملازم ہے،کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ۔ڈوڈہ میں این آئی اے نے غلام محمد ڈار کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جہاں سے اہم دستاویزات کی جانچ کی گئی جبکہ ضلع کشتواڑمیں بھی ایک جگہ این آئی اے کی جانب سے چھاپہ ڈالنے کی اطلاع ہے۔