پونچھ//پونچھ قصبہ کی سڑکوں پر ہر روز بدترین ٹریفک جام دیکھنے کو مل رہا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں اور شہری گھنٹوں پھنسے رہتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ انتظامیہ نے ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلئے ابھی تک کوئی معیاری منصوبہ تیار ہی نہیں کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔پونچھ کی ناخواں والی سڑک پر ٹریفک جام میں مریضوں کو لے کر آنے والی گاڑیاں بھی پھنسی رہتی ہیں۔اس کے علاوہ بھی شہر کی اہم سڑکوں پر جگہ جگہ غلط پارکنگ ٹریفک جام کا باعث بنتی ہے۔سماجی کارکن رشید شاہپوری نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے پونچھ میں منصوبہ سازی کی جائے۔انھوں نے کہا کہ پونچھ میں یہ روز کا معمول بن گیا ہے جہاں لوگوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ روز بہ روز گاڑیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ راستے وہی پرانے ہیں۔انھوں نے کہا کہ روڈ کو وقت کے ساتھ ساتھ کشادہ کیا جانا چائیے تاکہ عوام کو راحت محسوس ہو۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں ٹریفک سے منسلک مسائل کو حل کرنے کیلئے جامعہ منصوبہ بندی کی جائے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔