کنگن//ٹراما ہسپتال گنڈ سے ایک اور ڈاکٹر کو پرائمری ہیلتھ سنٹر پرنگ تبدیل کرنے کے خلاف مقامی لوگوں نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے مذکورہ ڈاکٹر کوواپس لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے کے لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر گنڈ کوٹراما ہسپتال کادرجہ دیا جائے تاکہ تحصیل گنڈ سے منسلک علاقے کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم ہو۔ لوگوں کی اس دیرینہ مانگ کو سرکار نے گذشتہ برس پورا کرتے ہوئے پرائمری ہیلتھ سنٹر گنڈ کا درجہ بڑھا کر اِس کو ٹراما ہسپتال کا درجہ دیا اور اس کے لئے عملے کو بھی تعینات کیا گیا۔ لوگوں کو اس سے کافی راحت ملی۔ انتظامیہ کمیٹی گنڈ کے صدر غلام محمد پنڈت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پہلے ہی مارچ میں انستھیسیا ڈاکٹر کو گنڈ تبدیل کیا گیا اور ایک سال گزر چکا ہے لیکن اس کو واپس ٹراما ہسپتال گنڈ نہیںلایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ہسپتال میں ایک سرجن سپیشلسٹ تعینات تھا اس کو بھی آج پرائمری ہیلتھ سنٹر پرنگ تبدیل کیا گیا جس کی وجہ سے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑے گا۔ غلام محمد پنڈٹ نے کہا کہ اگر جمعہ تک سرجن سپیشلسٹ کو واپس نہیں لایا گیا تو وہ سرینگر سونہ مرگ شاہراہ کو بند کر دیںگے جس کی ذمہ داری محکمہ صحت کے افسران پر عائد ہوگی۔ اس سلسلے میں جب کشمیر عظمیٰ نے بلاک میڈیکل افسر کنگن سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ تین روز تک مذکورہ ڈاکٹر کو ٹراما ہسپتال گنڈ واپس روانہ کیا جائیگا ۔