پونچھ// محکمہ لیبر کے اسسٹنٹ کمشنر پونچھ سید عابد حسین شاہ نے اٹھارہ سال سے اوپر کے تمام مزدوروں کو ویکسی نیشن کے ٹیکے لگانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی مزدور ویکسی نیشن نہیں کروائے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جمعہ کے روز انہوں نے مختلف ریت بجری اور تارکول پلانٹ کریشر پر کام کر رہے 18 سال سے اوپر کے مزدوروں کو کرونا ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے نزدیکی طبی مراکز پر جاکر اپنی رجسٹریشن کرکے فوری طور پر ویکسین کے انجکشن لگوائیں۔انہوں نے کہا اگر کوئی بھی مزدور جس کو ویکسین نہ ہوئی ہو گی وہ کام کرتے ہو پایا گیا تو کام پر رکھنے والے مالک کے خلاف کارروائی ہو گی اورمزدور سے بھی جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ لیبر کمشنر اور لیبر انسپکٹر نے مختلف کریشر پلانٹ کا دورہ کر مالکان کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا سبھی مزدوروں کی فہرست محکمہ کے دفتر میں پیش کی جائے تاکہ انہیں کرونا ویکسین لگائی جاسکے ورنہ ان سے بھی جرمانہ وصول کیا جائیگا۔