لندن/آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ لندن میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ہیلے میتھیوز نے 30 جبکہ دیاندرا ڈوٹن نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کی جانب سے ایشلے گارڈنر، جارجیا ویئرہام اور سوفیا مولینکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 13 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔بیتھ مونی نے ناقابل شکست 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ ایشلے گارڈنر 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے آٹھویں مرتبہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔