عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشن
(JKBOPEE) نے شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس(SMVDIME)،میں اصل میں داخلہ لینے والے50میڈیکل طلبہ کیلئے 50ایم بی بی ایس کی اعلیٰ نشستوں کی الاٹمنٹ کیلئے فزیکل کونسلنگ کے عمل کا اعلان کیا ہے۔ایک سرکاری بیان میں کہاگیاہے کہ کونسلنگ24 جنوری 2026 کو جموں اور سری نگر میں JKBOPEE کے دفاتر میں منعقد کی جائے گی، جس میں امیدواروں کو صبح 10 بجے سے11 بجے کے درمیان رپورٹ کرنا ہوگی۔
یہ اقدام محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن، جموں و کشمیر ، اور نیشنل میڈیکل کمیشن (NMC) کے میڈیکل اسسمنٹ اینڈ ریٹنگ بورڈ (MARB) کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے، جس سے غیر تسلیم شدہ قرار دیئے گئے ویشنودیوی میڈیکل کالج کے50ایم بی بی ایس طلبہ کو یونین ٹیریٹری جموں وکشمیرکے اندر واقع سرکاری میڈیکل کالجوں میں دوبارہ تقسیم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔معلوم ہواکہ ویشنودیوی میڈیکل کالج کے50ایم بی بی ایس طلبہ کی غیر معمولی نشستیںاننت ناگ، بارہمولہ، ڈوڈہ، ہندواڑہ، کٹھوعہ، راجوری اور ادھم پور سمیت نئے قائم کردہ میڈیکل کالجوں میں تقسیم کی گئی ہیں، جن میں نشستیں منظور شدہ انٹیک صلاحیت کے مطابق مختص کی گئی ہیں۔جموں و کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشن (JKBOPEE) نے واضح کیا کہ صرف وہی امیدوار حصہ لینے کے اہل ہیں جن کے نام سرکاری ضمیمہ میں موجود ہیں اور جنہیں پہلے 2025کاؤنسلنگ راؤنڈ کے ذریعیشری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسی لینس(SMVDIME) میں نشستیں الاٹ کی گئی تھیں۔JKBOPEEنے کہا کہ کونسلنگ کے دوران سیٹ الاٹمنٹ سختی سے NEET-UG میرٹ اور امیدواروں کی طرف سے کونسلنگ کے وقت استعمال کی جانے والی ترجیحات کے مطابق کی جائے گی۔امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تصدیق کے لیے تمام اصل سرٹیفکیٹس کیساتھ ذاتی طور پر حاضر ہوں۔