عارف بلوچ
پہلگام //نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے اتوار کو اپنی پارٹی کے رکن اسمبلی آغا سید روح اللہ مہدی اور دیگر قائدین کی خانہ نظر بندی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’ہنگامہ‘‘ پیدا کرنا چاہتے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پہلگام میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ لیڈر شاید اس بات سے خوش نہیں ہیں کہ جموں و کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ڈاکٹر فاروق نے کہا’’آپ کو ان لیڈروں سے پوچھنا چاہیے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم جتنا کر سکتے ہیں کر رہے ہیں۔ شاید، وہ یہ پسند نہیں کرتے کہ ریاست ترقی کر رہی ہے۔ وہ فساد چاہتے ہیں، جسے ہم نہیں ہونے دیں گے‘‘۔بنگلہ دیش کی صورتحال پر سابق وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ پڑوسی ملک میں پرامن انتخابات ہوں گے تاکہ نئی حکومت بن سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ (نئی حکومت) دوستی کے راستے پر چلیں گے۔