یو این آئی
نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کو دیہی روزگار پالیسی میں ایک اہم تبدیلی لانے والے ’وکست بھارت گارنٹی فار روزگار اینڈ اجیوکا مشن (گرامین)‘ وی بی جی رام جی بل 2025 کو اپنی منظوری دے دی یہ قانون دیہی خاندانوں کے لیے ہر مالی سال میں مزدوری پر مبنی روزگار کی قانونی ضمانت کو بڑھا کر 125 دن تک کرتا ہے اور بااختیار، جامع ترقی، اسکیموں کے باہمی انضمام (کنورجنس) اور موثر انداز میں خدمات کی فراہمی کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے، جس سے خوشحال، باصلاحیت اور خود کفیل دیہی ہندوستان کی بنیاد مضبوط ہوگی۔اس سے قبل پارلیمنٹ نے ملک کے دیہی روزگار اور ترقیاتی ڈھانچے میں ایک فیصلہ کن اصلاح کی راہ ہموار کرتے ہوئے اس بل کو مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ 2005 (منریگا) کی جگہ پیش کیا تھا، جسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی منظوری حاصل ہو چکی تھی۔ یہ قانون ذریعہ? معاش کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جدید قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے، جو ’وکست بھارت 2047‘ کے قومی وڑن کے مطابق ہے۔یہ قانون ہر مالی سال میں ہر دیہی خاندان کو کم از کم 125 دن کے مزدوری پر مبنی روزگار کی قانونی ضمانت فراہم کرتا ہے، بشرطیکہ خاندان کے بالغ افراد غیر ہنر مند جسمانی کام کرنے کے خواہش مند ہوں۔