عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں تعلیمی میدان میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر شِبْولال فیملی فلاحی اقدامات نے وِدیادھان اسکالرشپ 2026 کے تحت یونین ٹیریٹری کے طلبہ کیلئے درخواستوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔یہ اسکالرشپ پروگرام 1999 میں انفو سِس کے شریک بانی ایس ڈی شِبْولال اور کْماری شِبْولال کے زیرِ اہتمام شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد معاشی طور پر کمزور مگر باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اب تک اس پروگرام سے 23 ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز کے 18,260 سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔حکام کے مطابق اس سال جموں و کشمیر کے وہ طلبہ درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے 2026 میں دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہو۔ یہ اسکالرشپ کلاس 11 سے لے کر گریجویشن تک مالی معاونت فراہم کرے گا۔ درخواست دہندگان کیلئے لازم ہے کہ انہوں نے دسویں جماعت میں کم از کم 75 فیصد یا 7.5 سی جی پی اے حاصل کیا ہو، جبکہ معذور طلبہ کیلئے یہ معیار 65 فیصد یا 6.5 سی جی پی اے رکھا گیا ہے۔مزید یہ کہ درخواست گزار کے خاندان کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے، جس کی تصدیق متعلقہ تحصیلدار سے کرانی ہوگی۔انتخاب کے عمل میں آن لائن ٹیسٹ اور انٹرویو شامل ہوگا، جبکہ اسکالرشپ کے لیے درخواست کا عمل مکمل طور پر مفت ہے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ درخواستیں ویب سائٹwww.vidyadhan.org](http://www.vidyadhan.org) یا SDF Vidya موبائل ایپ کے ذریعے جمع کی جا سکتی ہیں۔