راجوری//ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے مقامی مسلم تنظیموں نے کہاکہ بیلہ کالونی کے بے گھر افراد کو بسانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔پریس کلب راجوری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک غلامان مصطفی ؐ ، انجمن غلامان غوث ؓ،میلاد کمیٹی اور مدرسہ محمدیہ رضویہ راجوری کے عہدیداران نے کہا کہ راجوری ضلع انتظامیہ غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے ،وہ جاری رہناچاہئے تاکہ اصل مقاصد حاصل ہوسکیں نہیں تو اس پر سوال اٹھیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ بیلہ کالونی سے بے گھر ہوئے لوگوں کو دوبارہ بسایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تجاوزات میونسپل حدود میں بڑے پیمانے پر ہوئی ہیں جس کے خلاف اقدامات قابل ستائش ہیں لیکن یہ مہم جاری رہنی چاہئے اورضلع انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اگلے مرحلے میں دیگر مقامات سے بھی تجاوزات ہٹانے کے اقدامات کرے ۔ محمد آصف ، اشتیاق بٹ اور عمران ڈار نے کہا کہ ناجائزتجاوزات ہٹانے کے لئے چلائی جارہی مہم قابل ستائش ہے تاہم ضلع انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ دیگر مقامات پر بھی اس مہم کو چلائے اور خاص طور پر اوقاف اسلامیہ کی اراضی پر غیر قانونی تجاوزات سمیت سرکاری اور نیم سرکاری اراضی بازیاب کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ اس مہم کو صرف بیلہ کالونی تک ہی محدود رکھے گی تو اس پر سوالات اٹھیںگے اور لوگ سڑکوں پر اتر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سقطو نالہ ، جواہر نگر سمیت کئی جگہوں پراوقاف اسلامیہ کی زمین پر بھی ناجائز قبضہ کیاگیاہے جس کو بازیاب کرایاجائے۔