عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل سری نگر میں جموں و کشمیر کے سابق گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی۔دونوں رہنماوں نے جموں و کشمیر سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔بات چیت میں این این ووہرا کے وسیع انتظامی تجربے اور خطے کی حکمرانی، ترقی اور عوامی امور سے متعلق ان کی گہری سمجھ کو بھی مدنظر رکھا گیا۔وزیر اعلیٰ نے عوامی اہمیت کے معاملات پر این این ووہراکی انمول بصیرت اور نقطہ نظر کی سراہنا کی۔ دونوں رہنماںنے جموں و کشمیر کی ترقی، مستقبل کی ترجیحات اور مختلف مسائل پربھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل عمر عبداللہ نے گزشتہ شام سری نگر میں اپنی رہائش گاہ پر بہار اور ہماچل پردیش سے آئے مہمانوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الحکومتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔سپیکربہار قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر پریم کمار نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور بین الحکومتی تعاون، جمہوری اِداروں کو مضبوط بنانے اور قانون ساز ی کے بہترین طریقوں کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد میں وزیر برائے سکولی تعلیم ہماچل پردیش روہت ٹھاکر نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اْن کے ہمراہ سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر راجیش شرما، ڈائریکٹر سکولی تعلیم ہماچل پردیش آشیش کمار کوہلی، ایڈیشنل سیکرٹری سکولی تعلیم (ہماچل پردیش) انیل چوہان اور سماگراہ شکھشا، ہماچل پردیش سے وابستہ فیکلٹی ممبران بھی تھے۔اِس ملاقات میں تعلیمی شعبے سے متعلق اہم اقدامات پر سیر حاصل تبادلہ خیال ہواجس میںسکولی تعلیم کو مزید مضبوط بنانے، تدریس و تعلم میں جدت کو فروغ دینے، اِدارہ جاتی تعاون کوبڑھانے اور دونوں ہمالیائی خطوں کے درمیان بہترین طریقوں کے اِشتراک کو سہولیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔