عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //: صوفی بزرگ حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے 814 ویں عرس مبارک کے موقع پر جنتی دروازہ زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ جنتی دروازہ کھلتے ہی مزار کے احاطے میں زائرین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ خواجہ غریب نواز کے عقیدت مند جنتی دروازہ کی زیارت کے لیے غیر معمولی جوش و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ عرس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اجمیر درگاہ پر امن کی چادر بھیجی گئی۔ مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اس چادر کو اجمیر شریف پہنچایا۔ وہاں انہوں نے حضرت خواجہ غریب نواز کی درگاہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی چادر چڑھائی اور قوم کے نام وزیر اعظم کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ایک بات چیت میں مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پوری کابینہ کی جانب سے چادر پیش کرنے کے لیے ایک بار پھر خواجہ غریب نواز کے مزار پر جانے کا موقع ملا۔ انہوں نے درگاہ پر ملک اور معاشرے میں بھائی چارے، محبت اور امن کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ درگاہ کے انتظامات پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت ہوتے ہیں، اس لیے متعلقہ وزیر کی حیثیت سے ان کی براہ راست ذمہ داری ہے۔ مرکزی محکمہ اقلیتی امور کے سکریٹری چادر پیش کرنے کے لیے ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ یہاں کے انتظامات کو کیسے بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ درگاہ پر وزیراعظم اور پوری کابینہ کی جانب سے چادر چڑھائی گئی۔مرکزی وزیر مملکت بھاگیرتھ چودھری نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا نصب العین ہے۔ مودی سیاسی زندگی میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا پریاس کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔ یہ چادر پی ایم نریندر مودی کی جانب سے اجمیر آئی تھی۔ یہ چادر مرکزی وزیر کرن رجیجو کے ساتھ اجمیر بھیجی گئی اور انہوں نے اسے یہاں پیش کیا۔ مرکزی وزیر رجیجو کا اجمیر میں استقبال کیا گیا۔رجیجو پی ایم نریندر مودی کی چادر لے کر درگاہ شریف پہنچے، جہاں سخت سیکورٹی کے درمیان مرکزی وزیر رجیجو نے چادر پیش کی۔ اس دوران بی جے پی کے سینئر رہنما، درگاہ کمیٹی کے ناظم اور انجمن سید زادگان خدام خواجہ بھی موجود تھے۔ پی ایم کی طرف سے چادر چڑھانے کے وقت عام زائرین کو درگاہ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا اور پولیس کی سخت نگرانی میں جنتی دروازہ سے چادر پیش کی گئی۔