عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بیساکھی کے موقعہ پر لوگوں کومْبارک باد پیش کی اور اِس تہوار کی ثقافتی اور روحانی اہمیت کو اْجاگر کیا۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے پیغام میں کہا کہ بیساکھی فصل کٹائی کا تہوار ہے جو خوشحالی، اْمید اور نئی شروعات کی علامت ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ یہ تہوار جموں و کشمیر کی بھرپور ثقافتی تنوع اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کی روایات کو باہمی احترام اور جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔اْنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ایسے مواقع بھائی چارے کے بندھن کو مضبوط کرتے ہیں اور معاشرے میں اِتحاد اور شمولیت کی اقدار کو تقویت دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اْمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر گھر میں امن، خوشی اور خوشحالی لائے گا اور کسان کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے دعا کی جن کی محنت علاقے کی معیشت کو برقرار رکھتی ہے۔
ڈاکٹر امبیڈ کر کا یوم پیدائش
وزیر اعلیٰ کا خراجِ عقیدت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے یومِ پیدائش پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک دْور اندیش رہنما ، سماجی مصلح اور ہندوستانی آئین کے معمارِ اعظم قرار دیا۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی ساری زِندگی سماجی اِنصاف، مساوات اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے جدوجہدآنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ اْنہوں نے جمہوری اور جامع ہندوستان کی بنیاد رکھنے میں ڈاکٹر امبیڈکر کی گرانقدر خدمات کو اْجاگر کیاجو آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے اصولوں پر مبنی ہے۔اْنہوںنے لوگوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات سے رہنمائی حاصل کریں اور ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کی تعمیر کے لئے کام کریں۔وزیراعلیٰ نے جامع ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کو حقیقی خراجِ عقیدت ان کے سماجی اِنصاف کے وڑن کو برقرار رکھنے اور سب کے لئے مساوی مواقع کو یقینی بنانے میں مضمر ہے۔