عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو جموں و کشمیر پولیس کے مہلوک اہلکار عاشق حسین قریشی کے بیٹے سے فون پر بات کی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔بات چیت کے دوران شاہ نے پولیس اہلکار کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اہل خانہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت کی دعا کی۔وزیر داخلہ نے ڈیوٹی کے دوران پولیس اہلکار کی عظیم قربانی کا اعتراف کیا اور خاندان کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔مقتول پولیس اہلکار کے بیٹے کو یہ بھی یقین دلایا کہ جب بھی وہ کشمیر کا دورہ کریں گے تو وہ ذاتی طور پر ان سے ملاقات کریں گے۔
ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لولی پورہ بیروہ بڈگام کا دورہ کرکے جموں و کشمیر پولیس کے مہلوک ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین قریشی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، جنہوں نے اس ہفتے کے شروع میں اننت ناگ میں ملی ٹینٹ حملے کے دوران ڈیوٹی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس اہلکار کو دلی خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو بہادر دل عاشق حسین قریشی پر فخر ہے جن کی ہمت، قربانی اور فرض سے لگن ہماری اجتماعی یادوں میں نقش رہے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ مادر وطن کے لیے فرض اور عزت سے محبت کے شہید کے نظریات نسلوں کو ایک پرامن اور خوشحال یونین ٹیریٹری کی تعمیر میں تحریک دیتے رہیں گے۔ انہوں نے خاندان کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی بھلائی اور عزت کو یقینی بنائے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے شہید عاشق حسین قریشی کے بیٹے کی تعلیم مکمل کرنے اور ہمدردانہ سرکاری تقرری کے اہل ہونے تک خاندان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حاصل کی گئی اہم پیش رفت پر روشنی ڈالی اور جموں کشمیر سے ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پورے معاشرے بالخصوص جموں کشمیر کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہید کی ماں بھارتی کے تئیں لگن اور عقیدت سے طاقت حاصل کریں اورملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں متحد رہیں۔