کشتواڑ//چناب وادی دورے کے تیسرے دِن خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امو رکے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے چھاتروگائوں میں لوگوں کے مسائل بغور سنے اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ ضلع کے قبائلی آبادی کی ترقی کے لئے ایک تفصیلی تجویز تیار کریں۔انہوں نے ڈی سی کشتواڑ سے کہا کہ ضلع کی قبائلی آبادی کی نشاندہی کر کے ٹی ڈی پی کے تحت ان لوگوں کو خوراک ، پانی ، بجلی ، تعلیم و طبی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے چھاترو کشتواڑ میں منعقد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر کے ہمراہ وائس چیئرمین گجر وبکروال ڈیولپمنٹ بورڈ گلزار احمد کھٹانہ ، ارکان قانون سازیہ جی ایم سروری ، فردوس احمد ٹاک، ڈائریکٹر قبائلی امور محمد رفیع پوسوال ، ڈائریکٹر فوڈ جموں آر اے انقلابی ، ڈی ڈی سی کشتواڑ انگریز سنگھ راناو دیگر ضلع افسران تھے۔تعلیمی شعبے کوبہبودی اور کلہم ترقی کا بنیادی ذریعہ قرار دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ قبائلی طبقے کے بچوں کو مروجہ تعلیم فراہم کرنے کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے ڈی ڈی سی کشتواڑ کو ہدایت دی کہ وہ قبائلی علاقوں میں چلائے جارے سکولوں کی کارکردگی کی نگرانی کریںاور جن علاقوں میں ابھی تک یہ سکول قائم نہیں کئے گئے ہیں وہاں سکول قائم کرنے کے لئے ایک تفصیلی تجویز ترتیب دیں۔ایم ایل اے اندروال جی ایم سروری کے مطالبات کے ردعمل میں وزیر نے یقین دلایاکہ حکومت چھاترو علاقے کے لوگوں کے راشن کوٹا میں 35فیصد سے 50فیصد تک بڑھانے کی تجویز پر غور کرے گی۔ وزیر نے گجر بوائز ہوسٹل ڈوڈہ میں رہائشی ماڈل سکول کی تعمیر کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے اعلان کیا کہ مجوزہ سکول کے لئے 16کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے جہاں 480 گجر و بکروال لڑکے اور لڑکیاں تعلیم حاصل کریں گے ۔