یو این آئی
میکسیو سٹی/فیفا نے ایران کی وہ درخواست باضابطہ طور پر مسترد کر دی ہے جس میں ایران نے اپنے ورلڈ کپ میچز امریکہ سے میکسیکو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبوم نے تصدیق کی ہے کہ لاجسٹک مسائل کی وجہ سے میچز کی منتقلی ممکن نہیں۔ایران کی فٹبال فیڈریشن نے گزشتہ ماہ فیفا سے اپیل کی تھی کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے پیشِ نظر ان کے میچز امریکہ سے باہر منتقل کیے جائیں۔۔ایرانی حکام نے کھلاڑیوں کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا تھا، خاص طور پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد جس میں انہوں نے ایرانی ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا ذکر کیا تھا۔ ایرانی وزیرِ کھیل احمد دنیامالی نے اشارہ دیا تھا کہ اگر میچز منتقل نہ کیے گئے تو ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو سکتی ہے ۔میکسیکن صدر نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ”فیفا نے حتمی فیصلہ کیا ہے کہ میچز اپنے اصل مقامات پر ہی ہوں گے ۔ مقامات کی تبدیلی سے انتظامات بہت پیچیدہ ہو جائیں گے ۔”فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے بھی ترکیہ میں ایرانی حکام اور کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا اور میچز قرعہ اندازی کے مطابق طے شدہ مقامات پر ہی ہوں گے ۔ایران کو گروپ G میں بیلجیم، مصر اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے ۔ ایران کے تمام گروپ میچز امریکہ کے مغربی ساحل پر شیڈول ہیں۔