یو این آئی
راجکوٹ/مکیش کمار اور آکاش دیپ کی شاندار گیندبازی (چار، چار وکٹیں) کی بدولت بنگال نے بدھ کے روز وجے ہزارے ٹرافی کے ایلیٹ گروپ بی کے مقابلے میں جموں و کشمیر کو 243 گیندیں باقی رہتے ہوئے نو وکٹوں سے شکست دے دی۔یہاں ٹاس جیت کر بنگال نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بنگال کے مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے جموں و کشمیر کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 20.4 اوورز میں صرف 63 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان پارس ڈوگرا نے سب سے زیادہ 19 رنز بنائے ، جبکہ شبھم کھجوریہ 12 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوئے ۔ دیگر کوئی بھی بلے باز دہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔بنگال کی جانب سے مکیش کمار نے 6 اوورز میں 16 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آکاش دیپ نے 8.4 اوورز میں 32 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں۔ محمد شمی نے بھی شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 6 اوورز میں 14 رنز دے کر دو بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ہدف کے تعاقب میں بنگال نے 9.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 64 رنز بنا کر مقابلہ نو وکٹوں سے جیت لیا۔ پہلے ہی اوور میں کپتان ابھیمنیو ایشورن (4) کو عاقب نبی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ابھیشیک پورل 30 اور سدھیپ کمار گھرامی 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔اس فتح کے ساتھ ہی بنگال نے چار میچوں میں تین جیت کے ساتھ 12 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور ایلیٹ گروپ بی کی پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔