جموں//ستواری میں جے اینڈ کے سٹیٹ واٹر ریسورس ریگولیٹری اتھارٹی کے آفس کمپلیکس کا افتتاح کیا گیا۔6کنال اراضی پر پھیلے ہوئے دو منزلہ کمپلیکس 5.64کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ۔اس عمارت میں 16کمرے ، کانفرنس ہال، ملٹی پراپز ہال جنہیں تمام جدید سہولیات سے لیس کیا گیا ہے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پارکنگ کے لئے وسیع جگہ ، علاحدہ ٹرانسفارمر ، ٹیوب ویل اور ڈی جی سیٹ بھی عمارت کے احاطے میں قائم کیا گیاہے ۔رسم افتتاح جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا اور صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹررول کے وزیر شیام لال چودھری نے سرانجام دی۔ اس موقعہ پر سپیکر نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام سیکٹروں میں بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کی طرف خاص توجہ دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی چھوٹے اور بڑے پروجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں اور چند ایک پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس ڈبلیوا ٓر آر اے کمپلیکس کی تکمیل مکمل کئے گئے پروجیکٹوں میں شامل ہیں۔شیام چودھری نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت ملازمین کے لئے بہتر بنیادی ڈھانچہ وجود میں لانے کی متمنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی بہبودی کے لئے مختلف سیکٹروں کے تحت کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈبلیو آر آر اے کمپلیکس کی تعمیر سے ملازمین کو روز مرہ کام انجام دینے میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔چیئرپرسن ایس ڈبلیو آر آر اے پرمود جین ، چیف انجینئر پی ایچ ای ، اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول جموں،انجینئرنگ محکموں کے افسران ، معزز شہری اس موقعہ پر موجود تھے۔ بعد میں شیام چودھری نے آر ایس پورہ میں ایک عوامی شکایات کے ازالے کا کیمپ منعقد کیا جس میں حلقہ انتخاب سچیت گڈھ سے تعلق رکھنے والے درجنوں وفود اور کئی افراد وزیر سے ملے اور انہیں ترقیاتی ضروریات کے بارے میں اپنے مطالبات کی فہرست پیش کی۔وزیر نے لوگوں کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پور ے کئے جائیں گے۔