کشتواڑ//وادی چناب کے ساتھ امتیاز برتنے کا مبینہ الزام لگاتے ہوئے ایم ایل سی فردوس ٹاک نے وادی چناب کی ترقی کے لئے اسے ایک علحیدہ ایڈمنسٹریٹو ڈویژن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا، تاکہ وادی کی ترقی ممکن ہو سکے۔پاڈر میں پارٹی کارکنوں کے یک روزہ کنونش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نیشل کانفرنس او رکانگریس کی طرح بی جے پی نے بھی وادی چناب کے ساتھ دھوکہ کیا اور وادی کو غربت اور مفلسی کے عالم میں ہی چھوڑا۔ ٹاک کے ہمراہ ضلع صد رشیخ ناصر حُسین ، سجاد احمد ٹاک ،ٹھاکور سُجان سنگھ، گردھاری لعل، حاجی محمد اقبال، راجیش کمار، گوسوامی رام ، بلدیو سنگھ،وید راج، ستیش کمار و دیگران بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ایڈمنسٹریٹو ڈھانچہ میں دور دراز اور نا قابل رسائی علاقوں کی ترقی ممکن نہیں ہے ،جسکی وجہ سے نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹوں کی تشکیل نا گزیر بن گئی ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ وادی چناب ریاست کو سب سے زیادہ ریونیو دیتی ہے لیکن اسکے بدلے میں وادی کو کُچھ بھی نہیں مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت آیا ہے کہ وادی چناب کی تمام سیاسی پارٹیوں یکجا ہو کر وادی کے ساتھ کئے جا رہے امتیاز کے خلاف صف آرا ہو جائیں۔