محمد تسکین
بانہال// محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع رام بن کے علاوہ وادی چناب کے علاقوں میں پیر کی صبح سے ہی موسم بدلنا شروع ہوا ہے اورپورے خطے کو بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جبکہ دو پہاڑی علاقے مکمل طور سے دھند کےگھیرےمیں آگئے ہیں۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور دونوں طرف کے ٹریفک میں ہزاروں کی تعداد میں مال اور مسافر گاڑیوں نے جموں اور سرینگر کا سفر کیا۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کے روز شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بلا خلل جاری ہے اور منگل کے روز کا شاہراہ پر سفر کا ارادہ کرنے والے مسافروں سے کہا گیا کہ وہ شاہراہ اور موسم کی جانکاری لینے کے بعد ہی اپنا سفر کریں۔
جموں خطے میں صبح کے وقت گھنا کہرا، ٹریفک متاثر | احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں:محکمہ موسمیات کی ہدایت
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پیر کی صبح جموں خطے کے کئی علاقوں میں گھنے کہر نے ڈھک لیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی رفتار انتہائی سست رہی۔ حکام کے مطابق کہر کے باعث حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہو گئی، جس سے مسافروں اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق کہر صبح سویرے چھا گیا اور ہائی وے سمیت شہر کی اہم سڑکوں پر گاڑیوں کی روانی متاثر ہوئی۔ ڈرائیورز کو ہیڈ لائٹس اور ہیزرڈ لائٹس کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی سست رفتاری سے گاڑیاں چلانی پڑیں۔ حکام نے بتایا کہ کسی بڑے حادثے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم کئی مقامات پر ٹریفک کی رفتار سست رہی اور مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ موسمِ سرما کی صبحوں میں کہر عام ہے اور ڈرائیوروں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر صبح کے اوقات میں۔انتظامیہ نے شہریوں اور ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں، محفوظ فاصلے برقرار رکھیں اور حدِ نگاہ بہتر ہونے تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔