عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے 20 دسمبر تک موسم میں وسیع پیمانے پر کسی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیا ہے ۔ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 10 سے 12 دسمبر تک وادی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بعد میں ایک کمزور مغربی ہوا کے داخل ہونے سے 13 دسمبر سے 15 دسمبر تک مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ شام یا صبح کے وقت شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 16 سے 19 دسمبر تک موسم ایک بار پھر جزوی ابر آلود جبکہ 20 دسمبر کو مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 21 اور 22 دسمبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے ۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ اس دوران کشمیر کے علاقوں میں درمیانی سے ہلکے درجے کی دھند چھائی رہ سکتی ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھی کہیں کہیں اس طرح کی صورتحال متوقع ہے ۔ادھرپورے کشمیر میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے آ گیا ہے اور وادی میں زیادہ تر مقامات پر رات کا درجہ حرارت معمول سے کم درج کیا گیاہے۔ حکام نے منگل کو بتایا کہ پیر کی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔ قاضی گنڈ، اور کپواڑہ میں منفی 3.6 جب کہ کوکرناگ میںمنفی 0.5 ، پہلگام میں منفی 4.8 اور گلمرگ میں منفی 2.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں بالترتیب منفی4.9 یڈ اور منفی3.6 ریکارڈ ہوا ۔ بڈگام اور گاندربل میں بالترتیب منفی4.1 اور منفی2.6 ڈگری رہا ۔ سونہ مرگ میں منفی4.5 ڈگری جبکہ زوجیلا پاس پر منفی19.0 ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ لداخ یونین ٹریٹری کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں بالترتیب منفی 8.5 اور منفی7.2 ریکارڈ ہوا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ21 دسمبر سے شروع ہونے والے 40 روزہ سخت سردی کے ایام شروع ہونگے۔