ایجنسیز
آرلنگٹن (ٹیکساس)/اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال نے فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں شاندار فتح کے بعد فائنل کے لیے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا، “نیویارک، ہم آ رہے ہیں۔”پیر کو 19 برس کے ہونے والے یامال نے اسپین کی فتح کے بعد انسٹاگرام پر میچ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ہسپانوی زبان میں لکھا، “nuevayol vamos por ti”، جس کا مطلب ہے، “نیویارک، ہم آ رہے ہیں۔”آرلنگٹن کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں یامال نے پاؤ کوبارسی کے ساتھ اسپین کی جانب سے آغاز کیا۔ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی سیمی فائنل میں ایک ہی ٹیم کی جانب سے دو نوعمر کھلاڑی ابتدائی الیون کا حصہ بنے۔
یامال نے پہلے ہاف میں لوکاس دینیے سے گیند چھین کر اسپین کے لیے پنالٹی حاصل کی، جسے میکل اویارزابال نے 22ویں منٹ میں گول میں تبدیل کر دیا۔ دوسرے ہاف میں پیڈرو پورو نے دانی اولمو کے ساتھ عمدہ تال میل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا گول کیا اور اسپین کی برتری مستحکم کر دی۔یامال نے بعد میں ایک گول بھی کیا، تاہم معمولی آف سائیڈ قرار دیے جانے کے باعث اسے مسترد کر دیا گیا۔بارسلونا کے اس نوجوان کھلاڑی نے اب تک اسپین کے لیے 32 بین الاقوامی میچوں میں سات گول کیے ہیں۔ موجودہ ورلڈ کپ میں ان کا واحد گول گروپ مرحلے میں سعودی عرب کے خلاف آیا، تاہم کوچ لوئس ڈی لا فوینتے کا کہنا ہے کہ یامال کی اہمیت صرف گول کرنے تک محدود نہیں بلکہ وہ ٹیم کے کھیل میں کئی دوسرے پہلوؤں سے بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔