عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//نیشنل کانفرنس کے ضلع راجوری یونٹ نے پیر پنچال خطے سے متعلق اپوزیشن لیڈر اور بی جے پی رہنما سنیل شرما کے مبینہ قابلِ اعتراض اور توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس بیان سے پیر پنچال کے عوام کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور پورے خطے میں غم و غصے کی لہر پائی جا رہی ہے۔نیشنل کانفرنس کے ضلعی رہنماؤں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پیر پنچال خطہ ملک کا ایک اہم اور اٹوٹ حصہ ہے، جہاں کے لوگوں نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کسی ذمہ دار سیاسی عہدے پر فائز شخص کی جانب سے اس نوعیت کے توہین آمیز ریمارکس دینا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
یوتھ نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں، جن میں مطیع میر، نعیم بٹ اور دیگر شامل ہیں، نے سنیل شرما کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سے عوامی سطح پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بیانات تنگ نظری کی عکاسی کرتے ہیں اور پیر پنچال کے عوام کی عزت، وقار اور قربانیوں کی براہِ راست توہین ہیں۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر معافی نہ مانگی گئی تو نیشنل کانفرنس اس معاملے پر عوامی تحریک شروع کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔این سی رہنماؤں نے مزید کہا کہ پیر پنچال کے عوام نے دہائیوں سے مشکل حالات کے باوجود ہمیشہ ملک کی وحدت اور سالمیت کا ساتھ دیا ہے۔ سرحدی اور پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں نے ہمیشہ امن، بھائی چارے اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بیانات سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور علاقائی یکجہتی پر سوالات کھڑے کرتے ہیں۔بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے الزام عائد کیا کہ پیر پنچال خطے کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اس طرح کے بیانات اصل ترقیاتی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ سڑکوں، صحت، تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے تقسیم کی سیاست کی جا رہی ہے۔آخر میں این سی ضلع یونٹ نے واضح کیا کہ پارٹی پیر پنچال کے عوام کے وقار اور حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس مسئلے کو ہر جمہوری پلیٹ فارم پر اٹھاتی رہے گی۔