مینڈھر//مینڈھر میںپانی کے بحران پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں ۔سوموار کو نکر علاقہ کے مرد و خواتین نے سخی میدان کلائی سڑک کو کئی گھنٹوں تک بند کرکے محکمہ پی ایچ کے خلاف زور دار احتجاج کیا۔اس دوران انہوں نے محکمہ کے وزیر و افسران کے خلاف نعرے بازی کی اور کہاکہ نڑول لفٹ سکیم کئی عرصہ سے بند پڑی ہے جس کو ٹھیک کرنے کیلئے کئی بار حکام سے بات کی گئی لیکن انہوںنے اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کی اور وہ بوند بوند کے محتاج ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پی ایچ ای نے جتنی بھی گاڑیاں پانی کی سپلائی کے لئے لگائی ہوئی ہیں ،وہ صرف ان کے اپنے گھروں میں یا ان کے رشتہ داروں کو پانی سپلائی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی بار محکمہ کی گاڑی نئے تعمیرات ہو رہے مکانوں کو پانی سپلائی کرتی دیکھی گئی ہے اوراگر لوگ پانی مانگتے ہیں تو کہاجاتاہے کہ گاڑی کیلئے تیل کا کوئی بندوبست نہیں ۔محمد جمیل ،اشتیاق احمداورمحمد فاروق نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کی لا پرواہی کی وجہ سے لوگوں کو پانی نہیں مل رہا ،کئی ملازمین دکانیں کرتے ہیں اور کئی گاڑیاں چلاتے ہیں جس کی وجہ سے تمام سکیمیں ناکارہ بنی ہوئی ہیں۔بعد میں مقامی لوگ ایس ڈ ی ایم دفتر مینڈھر پہنچے جہاں انہوں نے ایک یاداشت نامہ پیش کرتے ہوئے مانگ کی کہ لفٹ سکیم کو فوری طور پر بحال کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ بات پریشان کن ہے کہ ان کی خواتین روزہ رکھ کر کئی کلو میٹر دور سے پانی لاتی ہیں۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے لوگوں کو یقین دلایاکہ پانی کی سپلائی بحال کی جائے گی اور اس سلسلے میں انہوںنے متعلقہ افسران سے بات بھی کی ہے ۔