بارہمولہ// پرنسپل سیکریٹری زرعی پیداوار اور بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے ضلع بارہمولہ کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے ضلع کی مجموعی ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ابتداً پرنسپل سیکریٹری نے ڈی ڈی سی ممبران کے ساتھ ایک استفساری میٹنگ کی صدارت کی جس کا مقصد ترقیاتی کاموں سے متعلق ان کے خدشات کا پہلے سے جائزہ لینا تھا ۔ڈی ڈی سی ارکان نے کئی شکایات کو اُجاگر کرکے ان کا بروقت ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن صفینہ بیگ نے ایک پرزنٹیشن پیش کی جس میں اُنہوں نے ترقیاتی اہمیت کے حامل کئی معاملات پر روشنی ڈالی ۔اُس نے ترقیاتی خدشات سے متعلق مختلف مسائل اور مطالبات کا بھی جائزہ لیا اور انہوں نے ترقیاتی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے پرنسپل سیکرٹری سے ذاتی مداخلت کی درخواست کی۔پرنسپل سیکرٹری نے اُن کو بغور سنا او ریقین دِلایا کہ پی آر آئی کے تمام ترقیاتی خدشات کو پورا کیا جائے گا ۔ اُنہوں نے انہیں زمینی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی کا حقیقی ایجنٹ قرار دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے مختلف متعلقہ افسران کو ترقیاتی خدشات سے متعلق کئی مسائل کے حل کے حوالے سے موقعہ پر ہدایات بھی جاری کیں۔بعد میں نوین کمار چودھری نے متعلقہ محکموں کے سربراہوں کے ساتھ ایک علیحدہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ انہوں نے ضلع میں مختلف ایگزیکٹو ایجنسیوں کی طرف سے کئے گئے کچھ بڑے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور پوزیشن کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے ایک بذریعہ پاور پوائنٹ پرزنٹیشن مختلف شعبوں کی حصولیابیوں کی پیش رفت اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے شعبہ وار اور جامع جائزہ لینے کے بعد اَفسران پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے مقرر کردہ وقت کی سختی سے پابندی کریں۔اُنہوں نے تمام دستیاب وسائل کو پیداواری طور پر بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔نوین چودھری نے جدید کاشتکاری کے طریقوں کو شامل کرنے پر بھی زور دیا بشمول نامیاتی اور پائیدار کاشتکاری جو ہمارے کسانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کسانوں کو جدید ترین معلومات سے جانکاری دینے اور زمینی سطح پر مختلف فلاحی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بیداری پھیلانے کی بھی ہدایت دی۔