نوشہرہ //نوشہرہ میں ضلع درجہ کی مانگ پر نویں روز بھی ہڑتال رہی جس دوران بازار اور تمام سرکاری دفاتر بند رہے جبکہ سڑکیں سنسان نظر آئیں ۔ اگرچہ گزشتہ روز بھاجپا لیڈران نے نوشہرہ کے لوگوںسے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی تاہم انہوںنے ایسا نہیں کیا اور نویں روز بھی ہڑتال جاری رکھی ۔ انہوںنے اس دوران پٹیل چوک سے احتجاجی ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک نوشہرہ کو ضلع کادرجہ نہیں دیاجاتاتب تک وہ ہڑتال جاری رکھیںگے اور احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ بازار بند رکھاجائے گا اور سرکاری دفاتر بھی نہیں کھلیںگے ۔ مسلسل ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو سخت مشکلات کا سامناکرناپڑرہاہے ۔وہیں سندر بنی میں تیسرے روز بھی بند رہا ۔سندر بنی بیوپار منڈل اور مقامی لوگوں کی ایک میٹنگ بھی ہوئی جس دوران یہ طے پایاگیاکہ مطالبہ پور ا ہونے تک ہڑتال جاری رکھی جائے گی ۔سندر بنی کے بگنوتی علاقے کے لوگوںنے جموں پونچھ شاہراہ کچھ دیر کیلئے بند کرکے احتجاجی دھرنا دیا۔دریں اثناء کالاکوٹ میں بھی بیوپار منڈل کی طرف سے تجارتی سرگرمیاں بند رکھی گئیں اورحکومت کے خلاف احتجا ج کیاگیا ۔ذرائع کے مطابق نوشہرہ ، سندر بنی اور کالاکوٹ میں ہڑتال جاری رہے گی ۔