رمیش کیسر
ؔنوشہرہ//نوشہرہ کے مصروف ترین علاقے جھنگڑ چوک کے قریب میونسپل کمیٹی نوشہرہ کی جانب سے تعمیر کئے گئے عوامی بیت الخلا کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، جس کے باعث مرد و خواتین کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی کے سبب یہ بیت الخلا اب استعمال کے قابل نہیں رہا اور گندگی و بدبو کی وجہ سے عوام اس کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق بیت الخلا میں صفائی کا کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں ہے، جس کی وجہ سے وہاں شدید بدبو پھیلی ہوئی ہے۔ چھت پر نصب پانی کی ٹنکی بھی عرصہ دراز سے خالی پڑی ہے اور پانی کی عدم دستیابی کے سبب بیت الخلا مزید گندگی کا مرکز بن چکا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے بیت الخلا میں داخل ہونا بھی دشوار ہو گیا ہے، جس سے خاص طور پر خواتین کو سخت مشکلات پیش آ رہی ہیں۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ جھنگڑ چوک ایک مصروف تجارتی علاقہ ہے اور بیت الخلاء کے عین سامنے متعدد دکانیں قائم ہیں۔ بیت الخلا سے اٹھنے والی بدبو اور گندگی کا اثر دکانداروں کے کاروبار پر بھی پڑ رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گاہک اس علاقے میں رکنے سے کتراتے ہیں، جس سے ان کی روزانہ کی آمدنی متاثر ہو رہی ہے۔دکانداروں اور مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے کئی مرتبہ میونسپل کمیٹی کے حکام اور عملے کو اس مسئلے سے آگاہ کیا اور صفائی کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی، لیکن تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت کے نام پر بنائے گئے اس بیت الخلا کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے، جو انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی نوشہرہ فوری طور پر اس عوامی بیت الخلا کی صفائی کروائے، پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنائے اور باقاعدہ دیکھ ریکھ کا نظام قائم کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ جگہ بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بھی بن سکتی ہے۔عوام نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور جھنگڑ چوک میں واقع بیت الخلا ء کو قابلِ استعمال بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کریں، تاکہ شہریوں اور خاص طور پر خواتین کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔