رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈویژن میں یوریا کھاد کی شدید قلت کے باعث کسان طبقہ سخت تشویش میں مبتلا ہے۔ مقامی کسانوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ یوریا کھاد کو سرکاری اور نجی اسٹوروں تک فوری طور پر پہنچایا جائے تاکہ وہ گندم کی فصل میں بروقت اس کا استعمال کر سکیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے علاقہ خشک سالی کا شکار تھا اور بارش نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی فصل متاثر ہونے لگی تھی تاہم گزشتہ ہفتے چار ماہ کے طویل وقفے کے بعد ہونے والی بارش نے فصل میں نئی جان ڈال دی ہے اور کسانوں کو بہتر پیداوار کی امید پیدا ہوئی ہے لیکن اس اہم مرحلے پر یوریا کھاد دستیاب نہ ہونا ان کے لئے ایک نئی پریشانی بن چکا ہے۔مقامی زمینداروں کے مطابق گندم کی فصل کو اس وقت کھاد کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ یہی وہ مرحلہ ہوتا ہے جب فصل کو غذائیت فراہم کر کے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ اگر بروقت یوریا کھاد فراہم نہ کی گئی تو فصل کی نشوونما متاثر ہو سکتی ہے، جس سے کسانوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔کسانوں نے شکایت کی کہ پہلے ہی بارشوں کی کمی نے ان کی فصل کو نقصان پہنچایا، اور اب جب حالات کچھ بہتر ہوئے ہیں تو کھاد کی عدم دستیابی ایک اور بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کھاد کے بغیر فصل کی بھرپور پیداوار ممکن نہیں اور موجودہ صورتحال نے انہیں سخت ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔کسانوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ خریف اور ربیع سیزن کے دوران بھی اکثر کھاد اور بیج بروقت فراہم نہیں کئے جاتے، جس کے باعث کاشتکاروں کو ہر سال مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ محکمے کو زرعی ضروریات کا پیشگی اندازہ لگا کر سپلائی کو یقینی بنانا چاہیے تھا۔مقامی کسانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منگل کے بعد ہر روز سرکاری اور پرائیویٹ کھاد اسٹوروں پر یوریا کھاد کی باقاعدہ سپلائی شروع کی جائے تاکہ وہ بروقت کھیتوں میں اس کا استعمال کر سکیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو گندم کی پیداوار بری طرح متاثر ہو سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف کسانوں بلکہ مقامی معیشت پر بھی پڑیں گے۔