رمیش کیسر
نوشہرہ// نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی گاؤں دبر کے مکینوں نے محکمہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں فوری طور پر پولیس چوکی کے قیام کی منظوری دی جائے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سرحدی حساسیت کے پیش نظر گاؤں میں پولیس کی مستقل موجودگی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔دیہاتیوں کے مطابق دبڑ گاؤں میں تاحال پولیس چوکی قائم نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں اور اس کے گردونواح میں آبادی پھیلی ہوئی ہے اور معمولی واقعات کی صورت میں بھی پولیس کی بروقت رسائی ممکن نہیں ہو پاتی۔ اگر علاقے میں پولیس چوکی قائم ہو جائے تو جرائم کی روک تھام میں بڑی حد تک مدد مل سکتی ہے۔
مقامی افراد نے خاص طور پر کلونت چوک کو پولیس چوکی کے لئے موزوں مقام قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ چوک تقریباً 10 سے 12 پنچایتوں کا مرکزی مقام ہے جہاں سے روزانہ سینکڑوں گاڑیاں گزرتی ہیں۔ اس راستے کو مختلف دیہاتوں کو ملانے والی اہم شاہراہ سمجھا جاتا ہے، اس لیے یہاں پولیس کی موجودگی نہایت ضروری ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں غیر معمولی نقل و حرکت رہتی ہے، جس کی نگرانی کے لئے مقامی سطح پر سیکورٹی ڈھانچہ مضبوط ہونا چاہیے۔ پولیس چوکی کے قیام سے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھی جا سکے گی بلکہ عام شہریوں کو بھی تحفظ کا احساس ملے گا۔علاقہ مکینوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، جھگڑے یا حادثے کی صورت میں قریبی پولیس مدد کا بروقت پہنچنا ممکن ہو سکے گا، جس سے جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ دبر گاؤں کی جغرافیائی اور سیکورٹی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر پولیس چوکی کی منظوری دی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔