ابوجا/یواین آئی/نائیجیریا کے تیل کے علاقے نائیجر ڈیلٹا میں ریورز سٹیٹ میں ایک غیر قانونی آئل ریفائنری میں ہونے والے دھماکے میں 37 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ایرائز ٹیلی ویڑن کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب ریورز ریاست کے ایموہوا علاقے میں ایک غیر قانونی آئل ریفائنری میں خام تیل نکالنے کا سلسلہ جاری تھا۔دھماکے میں حاملہ خاتون سمیت 37 افراد جان بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کو علاقے میں روانہ کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔نائجیریا میں سیکڑوں غیر قانونی آئل ریفائنریز کام کررہی ہیں۔نائجیریا، جو خام تیل کی پیداوار میں دنیا کے 15 سرفہرست ممالک میں شامل ہے، دنیا میں تیل کے سب سے زیادہ ذخائر رکھنے والا 8واں ملک ہے اور تیل کی برآمدات کے لحاظ سے 6 ویں نمبر پر ہے۔