لوگوں نے ہمیشہ
فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی شاندار مثال قائم کی :سریندر چودھری
فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی شاندار مثال قائم کی :سریندر چودھری

عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج عیدالفطر اور نوروز کے موقعوں پرلوگوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی ۔اُنہوں نے کہا کہ دونوںتقاریب مذہبی اور ثقافتی اعتبار سے بے حد اہمیت کے حامل ہیں اور جموں و کشمیر کی مشترکہ اور متنوع تہذیبی وراثت کی عکاسی کرتے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عیدالفطر ماہِ مبارک رمضان المبارک کے اِختتام کی علامت ہے جو ہمدردی، شکرگزاری اور سخاوت کا پیغام دیتی ہے جبکہ نوروز جو 21؍ مارچ کو منایا جاتا ہے، بہار کی آمد کا اعلان کرتا ہے اور اسے بڑے مذہبی اور ثقافتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔اُنہوں نے ان مقدس موقعوںپر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سب کی بھلائی ، اَمن اور خوشحالی کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بقائے باہمی، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے رِشتوں کو مزید مضبوط کریں۔نائب وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوںنے ہمیشہ اتحاد، محبت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی شاندار مثال قائم کی ہے اور ایک دوسرے کے تہواربڑے جوش و خروش اور باہمی احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔
عیدالفطر ہمدردی، سخاوت اور شکرگزاری کی علامت :سکینہ اِیتو

عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے عیدالفطر اور نوروز کے موقعوں پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو دِلی مُبارک باد دِی اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا ہے ۔وزیر موصوفہ نے اَپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ عیدالفطر ہمدردی، سخاوت اور شکرگزاری کی علامت ہے جو عبادت، ضبطِ نفس اور روحانی تجدید کے مقدس مہینے کے اختتام کو ظاہر کرتا ہے۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس عید کی حقیقی روح کو اَپناتے ہوئے بھائی چارے کے رِشتوں کو مضبوط کریں، پسماندہ طبقوں کی مدد کریں اور معاشرے میں اتحاد کو فروغ دیں۔اُنہوں نے نوروز کے موقعہ پر مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار تجدید، اُمید اور موسمِ بہار کی آمد کی علامت ہے جو مثبت سوچ اور اجتماعی ترقی کی ترغیب دیتا ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ اس طرح کے مواقع ہمیں مشترکہ روایات اور اَقدار کی یاد دِلاتے ہیں جو شمولیت، جامعیت اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہیں۔وزیرموصوفہ نے جموں و کشمیر کے لوگوںکے امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔
جاوید ڈار کی اَمن ، خوشحالی اور اتحاد کی دُعا

عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے عیدالفطر کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوںکو دلی مُبارک باد پیش کی اور اُن کے اَمن، خوشحالی اوربھلائی کے لئے دُعا کی۔اُنہوں نے اَپنے تہنیتی پیغام میں عیدالفطر کی روحانی اور سماجی اہمیت کو اُجاگر کیا جو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اِختتام کی نشاندہی کرتی ہے۔یہ وہ مہینہ ہے جو روزہ، عبادت، غور و فکر اور ضبطِ نفس کے لئے وقف ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ عید الفطر روزہ رکھنے کی طاقت اور اِستقامت عطاکرنے اور مسلمانوں کو راست بازی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اللہ سبحان وتعالیٰ کا شکر اَدا کرنے کا ایک موقع ہے ۔جاوید ڈار نے کہا کہ عیدالفطر ہمدردی، سخاوت، درگزر اور بھائی چارے جیسی اَقدار کی علامت ہے جو ایک ہم آہنگ اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیرکے لئے نہایت ضروری ہیں۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان صفات اور خوبیوں کو اَپنی روزمرہ زندگی میں اَپنائیں اور پسماندہ طبقوں کی مدد کریں ۔ اِس طرح جامعیت، شمولیت اور سماجی ذِمہ داری کے جذبے کو تقویت ملے گی۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ عید جیسے تہوار ہمیں کثرت میں وحدت کی اہمیت کا احساس دِلاتے ہیں اور معاشرے کے مختلف طبقوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس موقعہ کو خوشی اور سادگی کے ساتھ منائیں اور باہمی اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی کی شاندار روایات کو برقرار رکھیں۔
جاوید راناکاہمدردی اور اتحاد پر زور

عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے جمعہ کے روز عیدالفطر کے موقعہ پرلوگوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ عید سب کو پُرامن زِندگی گزارنے اور معاشرے کی خوشحالی کے لئے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے ۔اُنہوں نے عید کو شکرگزاری اور باہمی یکجہتی کا تہوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران اِختیار کی گئی صبر، ضبطِ نفس اور روحانی ترقی کی اصل روح کی عکاسی کرتا ہے۔وزیرموصوف نے زور دیا کہ یہ موقعہ ہم آہنگی کے رِشتوں کو مضبوط بنانے، غریبوں اور ناداروں کی مدد کرنے اور ان کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کی یاد دہانی کرتا ہے۔اُنہوں نے تہوار سے جڑی اقدار کو اُجاگر کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار سب کے لئے خوشی، خوشحالی اور بھلائی کی نوید لے کر آئے گا اورپورے خطے میں اتحاد اور بھائی چارے کی اَقدار کو مزید تقویت بخشے گا۔وزیرجاوید رانا نے مزید کہا، ’’آئیے ہم اِس مبارک موقعہ پرمحبت، مہربانی اور ہمدردی کے جذبات کو فروغ دیں اور اَپنے معاشرے کی بہتری کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔‘‘اُنہوں نے نوروز کی مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوروز موسمِ بہار کی آمد کی علامت ہے اور تجدید، امید اور مثبتیت کی نمائندگی کرتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ تہوار اَمن، ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کی دیرپا قدروں کی عکاسی کرتا ہے۔
اتحاد اور باہمی احترام کوفروغ دینے کا ایک اہم موقعہ:ستیش شرما

عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات امور صارفین، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ، امورِ نوجوان و کھیل کود اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے آج عید کے موقعہ پرجموں و کشمیر کے لوگوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی۔اُنہوں نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں تمام شہریوں کے لئے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے نیک خواہشات کا اِظہارکر تے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار جموں و کشمیر کے ہر گھر میں بے پناہ خوشی، خوشحالی اور برکات کی نوید لے کر آئے گا۔وزیر موصوف نے عید کی روحانی اور سماجی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے س کہا کہ یہ تہوار ہمدردی، سخاوت،جذبہ ایثار اور بھائی چارے جیسی لازوال اَقدار کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عید باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور مختلف طبقوںکے درمیان اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا ایک اہم موقعہ ہے۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس تہوار کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ منائیں اور معاشرے کے پسماندہ اور غریب طبقوں تک پہنچ کر ان کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ اُنہوں نے کہا،’’عید ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی خوشی کے لمحات میں پیچھے نہ رہ جائے۔ستیش شرما نے تہوار کے دوران ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں غذائی اجناس، رسوئی گیس اور دیگر ضروری اشیاء کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لئے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے بلیک مارکیٹنگ، ذخیرۂ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روکتھام کے لئے سخت نگرانی پر بھی زور دیا تاکہ لوگوںکو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں اس موقعہ پر نوجوانوں کی شمولیت اور کمیونٹی کی شرکت کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے علاقوں میں ہم آہنگی، صفائی ستھرائی اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار اَدا کریں۔وزیر موصوف نے ٹرانسپورٹ حکام اور خدمات فراہم کرنے والوں پر بھی زور دیا کی کہ عید کے دوران عوام کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ آواجاہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اَپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے ملنے جانے والوں کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولیت میسر ہو۔اُنہوںنے جموں و کشمیر میں دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی اور لوگوںکی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقصد کے لئے مسلسل کام کرتے رہیں گے۔