بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے علاقے نارواو میں برقی رو کی عدم دستیابی کے خلاف لوگ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ موسم سرماں سے قبل ہی علاقے کے بیشتر دیہات میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کے علاوہ تاجروں کوبھی سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے ۔نارواو کے شیری ،شالٹنگ ، زنڈفرن ،فتح گڈھ ،بدمولہ، زوگیارکے لوگوں کاکہنا ہے کہ اگرچہ محکمہ پی ڈی ڈی نے میٹروالے علاقوں کیلئے 21گھنٹوں کا شیڈول مرتب کیا ہے تاہم مذکورہ دیہات میں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ ایک مقامی شہری مشتاق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یاکہ محکمہ نے صارفین کو یقین دلایا تھا کہ جن علاقوںمیں پی ڈی ڈی نے میٹر نصب کئے ہیں ان میں برقی رو منقطع نہیں کی جائے گی تاہم ان علاقوں کے رہنے والے صارفین نے شکایت کی ہے کہ انہیں بھی بجلی کی آنکھ کی مچولی ، کٹوتی اور بغیر کسی شیڈول کے برقی رو منقطع کی جاتی ہیں حالانکہ وہ باقاعدہ طور پر بجلی فیس ادا کررہے ہیں۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جلداز جلدبجلی سپلائی میں بہتری لائی جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔