یواین آئی
گوہاٹی/اپنے 15ویں جنم دن کے محض تین دن بعد، ویبھو سوریا ونشی نے آئی پی ایل 2026 سیزن کا آغاز صرف 15 گیندوں میں نصف سنچری بنا کر کیا۔ یہ کارکردگی اس لیے بھی غیر معمولی تھی کیونکہ اسی پچ پر چنئی سپر کنگز کی پوری ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔راجستھان رائلز (آر آر) کی آٹھ وکٹوں سے جیت کے بعد سوریا ونشی نے کہا کہ ٹیم کا منصوبہ پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھانا تھا، اسی لیے انہوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ انہوں نے وضاحت کی، “ہماری منصوبہ بندی پاور پلے کو بہتر طریقے سے عملی جامہ پہنانے کی تھی۔ شروع میں وکٹ تھوڑی سست لگ رہی تھی، لیکن گیند پرانی ہونے پر بلے پر اچھی طرح آنے لگی۔” سوریا ونشی نے اپنی بلے بازی کے بارے میں کہا، “میں ڈیفنس کے بارے میں بھی سوچتا ہوں، لیکن آج ہمارا پلان پاور پلے میں کھیلنے کا تھا۔
چھوٹے ہدف والے میچز کا فیصلہ پاور پلے میں ہی ہو جاتا ہے ۔ اگر بولنگ ٹیم پاور پلے میں اچھا کرتی تو میچ ان کے حق میں جا سکتا تھا، لیکن ہم نے مکمل حملہ کیا اور ہمارا پاور پلے کامیاب رہا۔”یاد رہے کہ سوریا ونشی کو پہلی ہی گیند پر چنئی کے ڈیبیو کھلاڑی کارتک شرما نے جیون دان دیا تھا، جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ پاور پلے ختم ہونے تک وہ 16 گیندوں میں 52 رنز بنا چکے تھے ، جس میں پانچ چھکے اور چار چوکے شامل تھے ۔ 6 اوورز کے بعد راجستھان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 70 رنز تھا۔ سوریا ونشی نے بتایا کہ راجستھان رائلز کے مینجمنٹ نے انہیں اپنا ‘نیچرل گیم’ کھیلنے کی مکمل آزادی دی ہے ۔ “انہوں نے بس اتنا کہا کہ ہم تمہیں سپورٹ کر رہے ہیں، تم اپنی فطری گیم کھیلو۔ پریکٹس سیشنز بھی اچھے رہے اور ہم یہاں وقت سے پہلے آگئے تھے ، جس سے تیاری میں مدد ملی۔”واضح رہے کہ سوریا ونشی نے 2025 میں 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے آئی پی ایل تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری (35 گیندوں پر) اسکور کی تھی اور گزشتہ سیزن میں 206.55 کے اسٹرائیک ریٹ سے 252 رنز بنائے تھے ۔ راجستھان رائلز کے کپتان ریان پراگ نے سوریا ونشی کو یقین دلایا ہے کہ وہ 2026 سیزن کے تمام 14 میچز کھیلیں گے ، چاہے ان کی کارکردگی کیسی ہی رہے ۔ پراگ نے انہیں مشورہ دیا، “تم تمام میچز کھیلو گے ، باہر کیا کہا جا رہا ہے اس سے تمہیں فرق نہیں پڑنا چاہیے ۔”پراگ نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی بتایا کہ ٹیم سوریا ونشی کو خوش رکھنے کے لیے انہیں نیٹ سیشنز میں زیادہ بلے بازی کا موقع دیتی ہے اور ان کا پسندیدہ ناشتہ بھی فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا، “جب میں اور دھرو جریل ڈگ آؤٹ میں بیٹھے اس کی بیٹنگ دیکھ رہے تھے ، تو ہم ایک دوسرے کا منہ تک رہے تھے ۔ وہ ایک خاص ٹیلنٹ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہے ۔”