مینڈھر//مینڈھر میں محکمہ پی ایچ ای بری طرح ناکام ہو چکا ہے اور صرف نام کاہی رہ گیا ہے۔علاقے میں پانی کی کئی سکیمیں بری طرح ناکارہ ہوگئی ہیں اور لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ بالاکوٹ ،مینڈھر اور منکوٹ تحصیل میں کئی لفٹ سکیمیں ناکارہ پڑی ہیں جن کو ٹھیک کراکے دوبارہ پانی کی سپلائی بحال نہیں کی جارہی ۔کچھ لفٹ سکیموں کی موٹریں خراب پڑی ہوئی ہیں اور محکمہ لوگوں کو ماہ صیام میں بھی پانی فراہم کرنے میں ناکام ہواہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ کئی علاقوں میں لوگوں کو کئی کئی کلو میٹر دور سے پانی لاناپڑتاہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بھاٹی دار ،سمکن، ہرنی، گلہوتہ،بالاکوٹ،بھروٹ اور سندوٹ میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی نہیں مل رہا ہے اور محکمہ کے ملازمین کبھی کوئی بہانہ لگاکر اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کئی بار ہم محکمہ کے ملازمین کو شکایت کرکر کے تنگ آ چکے ہیں لیکن محکمہ کے ملازمین گاڑیاں لے کر سڑکوں میں گھومتے ہیں اور اپنے کام کی طرف دھیان نہیں دیتے۔ان کاکہناتھاکہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو ٹس سے مس نہیں کہ آخر کار وہ کس چیز کی تنخواہ لیتے ہیں کیونکہ زمینی سطح پر محکمہ کا نام و نشان ہی نہیں ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کے پاس لائن کو ٹھیک کرنے کیلئے ایک بھی پائپ نہیں ملتی اور کئی جگہوںسے پانی لیک ہورہاہے جبکہ بہت بڑی آبادی کو گندہ پانی سپلائی کیاجارہاہے ۔ لوگوں نے محکمہ کے اعلیٰ آفیسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملازمین پانی کی سکیموں پر کوئی دھیان نہیں دے رہے ۔انہوں نے وزیر برائے پی ایچ ای سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر میں محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنایاجائے ۔