جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر شہر میں برسوں سے عوام کو درپیش نکاسی آب اور نالیوں کے ناقص نظام کا سنگین مسئلہ بالآخر حل کی جانب گامزن ہو گیا ہے۔ متعلقہ محکمہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور نالیوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے مقامی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس اہم قدم کو شہریوں نے دیر آید درست آید قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارش کے دوران ہی مینڈھر کی اہم سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی تھیں۔ پانی کے جمع ہونے کے باعث نہ صرف آمد و رفت میں خلل پڑتا تھا بلکہ پیدل چلنے والوں، اسکول کے طلباء، بزرگ شہریوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ کئی مرتبہ بچے اور بزرگ گندے پانی میں پھسل کر گر جاتے تھے، جس سے حادثات کا خدشہ بھی رہتا تھا۔مقامی دکانداروں کے مطابق بارش کے دوران نالیوں کا پانی دکانوں میں داخل ہو جاتا تھا، جس سے تجارتی سامان کو نقصان پہنچتا اور مالی خسارہ برداشت کرنا پڑتا تھا۔
دکانداروں نے بتایا کہ گاہک بھی گندے پانی اور بدبو کے باعث بازار آنے سے کتراتے تھے، جس سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا تھا۔ اس کے علاوہ گندے پانی کے ٹھہراؤ سے مچھروں اور دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی ہر وقت منڈلاتا رہتا تھا، جس سے صحت عامہ کو شدید خطرات لاحق تھے۔مقامی عوام کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جائے گا بلکہ شہر کی مجموعی صفائی، صحت عامہ اور خوبصورتی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بہتر نکاسی آب کے باعث سڑکوں کی حالت بہتر رہے گی، سڑکیں زیادہ دیرپا ہوں گی اور ٹریفک نظام بھی متاثر نہیں ہوگا۔شہریوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکمے سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اسے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں ناقص تعمیر کے باعث مسائل دوبارہ جنم لیتے رہے ہیں، اس لئے اس بار شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ اگر یہ منصوبہ کامیابی اور دیانت داری کے ساتھ مکمل ہو گیا تو یہ مینڈھر شہر کی ترقی اور عوامی سہولت کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے بنیادی مسائل کے حل کے لئے بروقت اور جامع منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ عوام کو بار بار مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔