مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں تین ماہ قبل ہوئی مشکوک موت کے بعد انتظامیہ نے جانچ کیلئے نمونے حاصل کرنے کیلئے قبر کشائی کی ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق سب ڈویژن کے گوہلد علاقہ کے رہائشی محمد شارک ولد محمد صدیق عمر 14برس کی 8جوں 2021کو مشکوک حالت میں موت ہوئی تھی ۔اہل خانہ نے بتایا کہ نوجوان کی لاش مشکوک حالت میں ایک پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی تھی جس کو اُسی وقت ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا تھا جس کے بعد اس کی آخری رسومات ادا کر دی گئی تھی ۔اس سلسلہ میں گزشتہ کئی مرحوم لڑکے کی ماں نے پولیس سٹیشن مینڈھر میں اس سے قبل کئی درخواستیں دائر کروائی تھی تاہم پولیس نے چھوٹے پیمانے پر تحقیقات کر کے معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کی تاہم سوشل میڈیا پر انٹریو وائرل ہونے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے معاملہ کی مکمل تحقیقات کیلئے انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے قبر کشائی کا بھی حکم دیا ۔اس کے بعد مقامی تحصیلدار ،ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او کی موجود گی میں قبر کشائی کر کے جانچ کیلئے لاش کے نمونے حاصل کئے گئے ۔تحصیلدار نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کے حکم کے بعد مذکورہ قدم اٹھا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ بلاک میڈیکل آفیسر کی قیادت والی چار ممبری ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے نمونے حاصل کرنے کے بعد لاش کو دوبارہ سے دفن کر دیا گیا ہے ۔