جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر قصبہ اور اس کے گرد و نواح میں محکمہ فلڈ کنٹرول کی مبینہ لاپرواہی عوام کے لیے مسلسل تشویش کا باعث بنتی جا رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے باعث طوفانی بارشوں کے دوران کئی رہائشی مکانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق، مختلف مقامات پر ندی نالوں کی صفائی اور مضبوطی کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے بارشوں کے موسم میں پانی کا بہاؤ بے قابو ہو جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کئی بار اعلیٰ حکام کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کیا گیا، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شدید بارشوں کی صورت میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف مکانات بلکہ عوامی املاک کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔مقامی عوام نے اس حوالے سے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویڑن مینڈھر کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے اور محکمہ فلڈ کنٹرول کے افسران علاقے کے مسائل پر کوئی سنجیدہ توجہ نہیں دے رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رویہ عوامی مفاد کے خلاف ہے اور اس سے لوگوں کا اعتماد متاثر ہو رہا ہے۔آخر میں، عوام نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹا جا سکے اور عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔