جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے چھنی علاقے میں دو موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں تین نوجوان زخمی ہو گئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں زور دار طریقے سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں تینوں سوار سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی انجام دیتے ہوئے زخمی نوجوانوں کو سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ طبی معائنے کے بعد دو نوجوانوں کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج اور خصوصی نگرانی کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کر دیا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق تیسرا زخمی نوجوان معمولی زخمی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر بڑھتے حادثات کو روکنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔