جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کے مرکزی قصبہ میں گزشتہ کئی روز سے صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہے، جس کے باعث بازار میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں۔ صفائی کا کام بند ہونے سے نہ صرف بازار کا ماحول آلودہ ہو گیا ہے بلکہ دوکانداروں اور خریداروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی دوکانداروں کے مطابق صفائی عملہ کئی دنوں سے بازار میں نظر نہیں آیا، جس کے نتیجے میں دکانوں کے سامنے کوڑا کرکٹ جمع ہوتا جا رہا ہے۔ صورتحال اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ دوکاندار اپنی دکانوں کے سامنے خود ہی صفائی کرنے پر مجبور ہیں تاکہ گاہکوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
دوکاندار طبقہ نے متعلقہ محکمہ کی کارکردگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر دکان سے باقاعدگی کے ساتھ صفائی کے نام پر فیس وصول کی جاتی ہے، لیکن اس کے باوجود صفائی کے مناسب انتظامات نہیں کیے جا رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عوام سے فیس وصول کی جا رہی ہے تو متعلقہ محکمہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ باقاعدہ اور مؤثر صفائی کو یقینی بنائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بازار میں گندگی کے ڈھیر نہ صرف کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثر ڈال رہے ہیں بلکہ تعفن اور آلودگی کے باعث بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے، جس سے عوامی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔دکانداروں اور مقامی شہریوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قصبہ مینڈھر میں صفائی کا باقاعدہ نظام بحال کیا جائے، صفائی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے اور بازار کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں اور تاجروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔